کشمیر یوںکی حمایت جاری رکھیں گے، دفتر خارجہ ۔ آرمی چیف کی صدر آزاد کشمیر سے ملاقات

77

راولپنڈی،اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج کشمیر کاز کے ساتھ پرعزم ہے اور کشمیر کے عوام کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی پی ایس آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اظہار صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کیساتھ ملاقات کے موقع پر کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں خاص طور پر لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف نے دوبارہ اپنا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کشمیر کاز کے ساتھ پرعزم ہے اور کشمیر کے عوام کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی مائیں بہنوں بزرگوں، نوجوانوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ کشمیری قوم 168 دن سے محصور ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست کے ہندوستانی اقدامات کے خلاف ہماری قیادت نے عالمی سطح پر موثر آواز بلند کی ہے۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے عالمی رہنماؤں کے سامنے ہندوستانی اقدامات کو اٹھایا، یہ ہماری کامیابی ہے کہ 5 ماہ کے دوران سلامتی کونسل کا 2 مرتبہ اجلاس ہوا۔ سلامتی کونسل اجلاس میں تمام ملکوں نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نے یواین جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا، او آئی سی میں بھی کشمیر کا مسئلہ اٹھایا گیا جب کہ امریکی کانگریس اور ایوان نمائندگان میں کشمیر ایشو پر بحث ہوئی، برطانوی و ایرانی پارلیمان نے بھی کشمیر پر قرارداد منظور کی۔ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان کا موقف ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔