بھارتی محاصرے کو170دن ہوگئے‘،شوپیاں میں مزید 2کشمیری شہید

146

سری نگر(خبر ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران جارحیت پسند بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جس کے بعد دو روز میں شہادتوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے دیگر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران جارحیت پسند فوج نے فائرنگ کر کے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔قبل ازیں اسی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے قابض بھارتی فوج کے دو اہلکار زخمی ہوگئے تھی جنہیں انتہائی نازک حالت میں ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد بھارتی سیکورٹی فورسز نے ضلع کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔گزشتہ روز ضلع شوپیاں میں بھی سرچ آپریشن کے دوران ایک مکان کو بارودی مواد کے دھماکے سے اْڑا دیا گیا تھا۔ بھارتی فوج نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ براہ راست گولیوں کا نشانہ بناکر 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ اس طرح محض دو دنوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔