حکومتی نا اہلی سے عوام کا جینا محال ہو گیا ہے،اجمل حسین

77

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیراجمل حسین بدرایڈووکیٹ ، جنرل سیکرٹری رانا عمر فاروق نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومتی نا اہلی سے عوام کا جینا محال ہو گیا ہے ۔سبزیوں اوردالوں کی قیمتوں میں150 سے 300 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے رہی سہی کسر آٹا کے بحران اور اس کی قیمتوں میں ہو شربااضافہ نے نکال دی ہے ۔ رہنمائوں نے کہاکہ جب سے موجودہ حکومت برسراقتدار آئی ہے ،عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مسلسل پریشان کرنے اور مہنگائی میں اضافہ کی صورت میں زندگی مشکل بنانے کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے ،اشیا خورونوش کی طلب اور رسد میں مصنوعی فرق اورحکومتی نااہلیوں کی وجہ سے ضرویات زندگی کا عوام تک پہنچنے کو محال بنا دیا گیا ہے ۔لوگ قطاروں میں لگ کر اضافی قیمت کے ساتھ آٹا خرید رہے ہیں ،ہرچیز عام آدمی کی پہنچ سے دورہوچکی ہے اس مہنگائی کا حکومت کھلے عام اعتراف کررہی ہے ۔ اجمل حسین بدرنے کہاکہ صرف اعتراف کافی نہیں مہنگائی کے خاتمے کیلیے حکومت کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔