جعلی بینک اکاؤنٹس کیس:ایک اور ملزم وعدہ معاف گواہ بن گیا

128

اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹس مقدمے کا ایک اور ملزم سید حسین فیصل جاموٹ وعدہ معاف گواہ بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کے نئے وعدہ معاف گواہ ملزم سید حسین فیصل جاموٹ سے متعلق رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرا دی ہے جبکہ اس مقدمے میں کرن امان، نورین سلطان، اسلم مسعود نیب کے پہلے ہی گواہ بن چکے ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی سربراہی میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی،سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور سمیت عبدالغنی مجید ودیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ آصف زرداری اور انور مجید پیش نہ ہوئے۔

احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی ایک دن سے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سوال کیا کہ ملزم انور مجید کہاں ہیں؟

وکیل نے کہا کہ انور مجید کراچی کے ہسپتال میں ہیں اور انکی میڈیکل رپورٹس موجود ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ ہم نے ریفرنس دائر کر رکھا ہے، ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے، فاروق ایچ نائیک نے اعتراض کیا کہ عبوری ریفرنس پر فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔

عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی موخر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر نیب کو انور مجید کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے عدالت لانے کی ہدایت کردی۔

بعد ازاں کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔