خیبر پختونخوا‘ بچوں سے زیادتی کے واقعات کے سدباب کیلیے کمیٹی تشکیل

40

پشاور (اے پی پی) اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے بچوں سے بڑھتے ہوئے زیادتی وتشددکے واقعات کے سدباب کے لیے فوری قانون سازی کی خاطر 13 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی قانونی ماہرین، علمائے دین اور نفسیاتی امراض کے ماہرین سے مشاورت کرکے اپنی رپورٹ ایک مہینے کے اندر اسمبلی میں جمع کرائے گی، اسپیکر کمیٹی کے چیئر مین ہوں گے۔ واضح رہے کہ 30 دسمبر 2019ء کو خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر ایم پی اے نگہت اورکزئی نے ایوان کو بچوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے زیادتی کے واقعات پر قانون سازی اور اس سلسلے میں فوری عمل کرنے کے لیے درخواست کی تھی، اس سلسلے میں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے ایک اسپیشل کمیٹی بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ اسپیشل کمیٹی بچوں کے ساتھ زیادتی کے حوالے سے موجودہ قوانین کا جائزہ لے گی، کمیٹی شیلٹر ہومز اور تعلیمی اداروں میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے کیسز کے سدباب کے لیے تجاویز دے گی۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس خیبر پختونخوا اسمبلی میں منعقد ہوگا، اس اجلاس میں صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ، محکمہ سوشل ویلفیئر، محکمہ داخلہ، محکمہ قانون، ایڈوکیٹ جنرل، مستند نفسیاتی ماہرین اور ایک عالم دین شریک ہوں گے، کمیٹی کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر ہوگا۔