نیو یارک: پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یروشلم کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے یکطرفہ اقدام اور فلسطین میں غیر قانونی بستیوں کی آبادکاری کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی 15 رکنی کونسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن استحکام کو یقینی بنانے اور کسی غیر قانونی ریاستی اقدام کو روکنے میں سلامتی کونسل سمیت اقوام متحدہ مرکزی حیثیت رکھتے ہیں ۔
مشرق وسطی کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے منیر اکرم کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل کی حدود کا تعین نہیں کیا گیا اور اس ہی طرح توسیع ہوتی رہی تو خطے میں امن کبھی قائم نہیں ہوسکتا اور فلسطین کا المیہ برقرار رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کے علاقے میں اسرائیلیوں کی غیر قانونی بستیوں میں توسیع کے ذریعے دو ریاستوں کے نقطہ نظر کو باقاعدہ طور پر ایک ریاست کی حقیقت میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
منیر اکرم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، خطے میں امن استحکام کے لئے شراکت دار بنا رہے گا اور عالمی برادری کا فرض بنتا ہے کہ وہ ایک جمہوری اور خودمختار فلسطینی اور اسرائیلی ریاست کے درمیان امن و سلامتی کے فروغ کے لیے متحد ہوں۔
واضح رہے کہ گولن ہائٹس اور یروشلم کے بعد اب فلسطین کے مغربی کنارے کو بھی اسرائیل کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔