ایلس ویلز کا سی پیک پر بیان خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے‘ شیرپائو

63

پشاور(آن لائن)قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے امریکا کی جنوبی اور وسط ایشیائی امورکی نائب سیکرٹری ایلس ویلز کے سی پیک کے حوالے سے بیان کووفاقی حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کواس کا فوری جواب دینا چاہیے تھا کیونکہ چین ہمارا قریبی دوست ملک ہے اور ہر مشکل میں ساتھ دے رہا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھاکہ امریکا کی طرف سے سی پیک پر دوسری دفعہ منفی رد عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے اس منصوبے کو نہ صرف بلیک لسٹ کمپنیوں کو دینے کا الزام عاید کیا ہے بلکہ غیر شفاف قرار دیا ہے جوکہ غیر منطقی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک ملکی مفادات اور معاشی استحکام کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے جس کے ثمرات سے ملک کے بیشتر علاقے اور عوام مستفید ہوئے ہیں۔ امریکا ریجن میں مداخلت اس لحاظ سے کر رہا ہے کہ پاکستان اورچائنا کے تعلقات میں تلخی پیداکرکے وہ ایک دوسرے سے بد ظن ہو جائے، علاقائی صورتحال کے حوالے سے چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے لہٰذا حکمرانوں کوغلطی پر غلطی دہرانے کے بجائے ملکی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسی پالیسیاں ترتیب دینی چاہییںجس سے عالمی سطح پرملکی وقار بلند ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کولاالمپور کانفرنس میںعین موقع پرشرکت نہ کرنے کے فیصلے سے ایک طرف ملک کی کمزور خارجہ پالیسی کی نشاندہی ہوئی تو دوسری طرف مسلم امہ کو درپیش مسائل اور چیلیجز کے حوالے ایک اہم فورم پر ملک کی نمائندگی کا موقع گنوا دیاگیا۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی کی بدولت ملک کی داخلہ وخارجہ پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں جس کی بنیادی وجہ حکمرانوں کی ناتجربہ کاری اورغیر سنجیدہ طرز حکمرانی ہے۔