آٹے کے بحران نے رہی سہی کسر بھی نکال دی، سید عارف شیرازی

166

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد، نائب امرا شیخ مسعود احمد، رضا احمد شاہ، چودھری منیر احمد، چودھری سرفراز احمد، ضیا اللہ چوہان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد طارق رضا، راجہ ممتاز حسین، جاوید اختر، چودھری ظفر یاسین، ملک عمران، عبدالعزیز اعوان اور سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم نے مہنگائی کیخلاف راولپنڈی میں ہونے والے مظاہرے میں عوام کی بھر پور شرکت پران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی کے عوام نے پی ٹی آئی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف اپنی آواز بلند کردی ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں جماعت اسلامی کے ضلعی رہنمائوں نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے سوا عوام کو کچھ بھی نہیں دیا، حکومت کا کام عوام کو ریلیف اور سہولیات مہیا کرنا ہوتا ہے مگر افسوس کہ موجودہ حکمران ٹولے کو جب سے عوام پر مسلط کیا گیا ہے ہر مہینے پٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ طرح طرح کے ناروا ٹیکس لگا کر عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب آٹے کے بحران نے رہی سہی کسر نکال دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پورے ملک میں عوام حکومت کو کوس رہے ہیں ۔کیونکہ آٹا اور روٹی ہر فرد کی بنیادی ضروریات میں سے ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ وزیراعظم اس کا سختی سے نوٹس لیتے اور آٹے کے بحران کے ذمے داروں کیخلاف فوری کارروائی کی جاتی۔ حکومتی ترجمانوں کا کہنا ہے کہ آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر گندم وافر مقدار میں موجود ہے تو پھر باہر سے کیوں منگوائی جارہی ہے۔ آٹے کے بحران پر وفاقی اور صوبائی وزرا کے بیانات میں کھلا تضاد پایا جاتا ہے۔