دکی، کوئلہ کانوں میں حادثات، 1 شخص جاں بحق، 5 بے ہوش

69

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے علاقے دکی میں کوئلہ کانوں میں زہریلی گیس بھرنے اور مٹی کا تودہ گرنے سے ایک کانکن جاں بحق جبکہ5 بے ہوش اور زخمی ہوگئے۔ اسسٹنٹ مائنز انسپکٹر دوست محمد ناصر کے مطابق 3 گھنٹے ریسکیو آپریشن کے بعد جاں بحق اور بے ہوش کانکنوں کوکوئلہ کان سے نکال لیا گیا جاں بحق کانکن کی شناخت عبدالشافع ولد جمالدین قوم اچکزئی سکنہ افغانستان کے نام سے ہوگئی جبکہ زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے اور بے ہوش ہونیوالے کانکنوں میں مسعود ولد غلام دستگیر، اختر محمد ولد جانان، اور اختر محمد ولد عطا محمد ساکنان افغانستان شامل ہیں۔ جاں بحق اور بے ہوش افراد کو سول اسپتال دکی منتقل کردیا گیا، جہاں پر ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کرکے آبائی وطن روانہ کردی گئی۔ایک اور واقعے میں کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے دو کانکن شدید زخمی ہوگئے۔زخمی کانکنوں کی شناخت ابراہیم ولد عبدالودود اور سید غفور ولد سید حبیب شاہ ساکنان افغانستان کے نام سے ہوگئی دونوں زخمیوں کو سول اسپتال دکی میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔