آٹے کی سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنائی جائے،عباس بلوچ

305

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بند ایکس فلور ملز اور آٹا چکیوں کیخلاف فوری ایکشن لیں اور ان سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ یومیہ گندم کا آڈٹ بھی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کے ضمن میں کسی کو بھی من مانی کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی اورہر صورت عوام کو آٹے کی فراہمی سرکاری ریٹ پریقینی بنائی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں شہر میں گندم/آٹے کے سلسلے میں ایکس فلور ملز ، چکی مالکان اور ہول سیلرز نمائندوں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ معتصم عباسی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت کلہوڑو ، محکمہ خوراک کے ڈپٹی ڈائریکٹر زاہد حسین بلوچ و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آٹے کی ڈیمانڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف مقامات پر آٹے کی فراہمی کے لیے مقرر کردہ پوائنٹس بنائے جائیں گے جس میں سیلانی ویلفیئر کی جانب سے 100پوائنٹس ،چیمبر آف کامرس کی جانب سے 50پوائنٹس جبکہ شہر میں واقع تقریباً 200آٹاچکیوں پرسرکاری نرخوں پر آٹا فراہم کیا جائیگااور آٹے کی فراہمی کے سلسلے میں وضع کردہ طریقہ کار کا بھی خیال رکھا جائیگا تاکہ دکانداروں کی جانب سے سستا آٹا خرید کر اسے مہنگے داموں میں فروخت کر نے کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت کلہوڑو کو فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ اس پورے عمل کے لیے وہ ایک میکنزم تیار کریں اور آٹے کی فروخت کے لیے پوائنٹس واضح کریں۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کا کہنا تھا کہ یہ مصنوعی بحران پیدا کیا گیا ہے جبکہ ایک سے ڈیڑھ ماہ بعد مارکیٹ میں وافر مقدار میں گندم موجود ہوگی لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ صورتحال کا ملکر سامنا کیا جائے۔اس موقع پر آٹا چکی مالکان کے نمائندوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا جس پر ڈویژنل کمشنر کا کہنا تھا کہ ان کے جو بھی جائز مطالبات ہیں ان کے حل کے لیے وہ ہر فورم پر بات کریں گے جبکہ گندم کے کوٹے کے اضافے کے لیے وہ آج ہی سیکرٹری خوراک سے بات کریں گے۔ محکمہ خوراک کے ڈپٹی ڈائریکٹر زاہد حسین بلوچ نے موجودہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ ایکس فلور ملز اور آٹا چکیوں کو گندم کی فراہمی کر رہے ہیں مگر اس کے باوجود چکی مالکان کی جانب سے چکیاں بند کی جا رہی ہیںجوکہ سمجھ سے بالا تر اور افسوس ناک ہے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت کلہوڑو نے اجلاس کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی جانب سے مختلف مقامات پر آٹے کے ٹرکس کھڑے کیے گئے ہیں جہاں سے سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی جا ری ہے۔ ڈویزنل کمشنر حیدرآباد کا کہنا تھا کہ جب حیدرآباد میں 300سے زائد مقامات پر سرکاری نرخوں پر آٹا موجود ہوگا تو انشاء اللہ آٹے کی ڈیمانڈ میں کمی واقع ہوگی۔