اقوام متحدہ کی جانب سے 24 جنوری کا دن تعلیم سے منسوب کیا گیا ہے.
3 دسمبر 2018ء کو بیلجیم میں منعقدہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں یہ قرارداد منظور کی گئی تھی کہ 24 جنوری کو عالمی یوم تعلیم منایا جائے گا۔
اس دن کو منانے کا مقصد پائیدار عالمی امن اور ترقی کا حصول ہے۔عالمی یوم تعلیم منانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ عوامی سطح پر تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے اور عالمی سیاسی طاقتوں کو اس بات پر راضی کیا جائے کہ وہ معیار تعلیم کو بہتر بناتے ہوئے جہالت اور ناخواندگی کو ختم کرنے میں اپنا کردر ادا کریں۔
رواں سال اس دن کو ” تعلیم برائے انسان ، زمین ، خوشحالی اور امن” کس سوچ کے تحت منایا جارہا ہے۔ اس سوچ کے پیچھے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ تعلیم کے ذریعے ہی انسانوں کی ترقی ، زمین کی بقا ، خوشحالی کا حصول اور امن کا مستقل قیام ممکن ہے۔ تعلیم کے ذریعے غربت اور جہالت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث زمین کو لاحق خطرات سے آگہی اور ان سے بچاؤ بھی تعلیم سے ہی ممکن ہے۔
اس دن کے حوالے سے دو بڑی تقریبات کا انعقاد پیرس میں یونیسکو کے ہیڈکوارٹر اور نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں کیا جائے گا۔