فارن فنڈنگ کیس: وزیر اعظم عمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

245

اسلام آباد: وزیر اعظم  عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس سے متعلق سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے درخواست میں کہا ہے کہ اکبر ایس بابر کا 2011 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ  اکبر ایس بابر کی پارٹی چھوڑنے کی ای میل ریکارڈ پر موجود ہے۔

وزیر اعظم نے درخواست میں کہا کہ اکبر بابر متاثرہ فریق نہیں تاہم الیکشن کمیشن کیس نہیں سن سکتا، عدالت سے استدعا ہے کہ اکبر بابر کی پی ٹی آئی رکنیت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اکبر ایس بابر کو پی ٹی آئی کا رکن قرار دیا۔

واضح رہے کہ 2014 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے منحرف رکن اکبر ایس بابر نے پارٹی کی اندرونی مالی بے ظابطگیوں کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی، درخوست میں الزام عائد کیا کہ پارٹی کو ممنوعہ ذرائع سے فنڈز موصول ہوئے ہیں اور مبینہ طور پر دو آف شور کمپنیوں کے ذریعے لاکھوں ملین ڈالرز ہنڈی کے ذریعے پارٹی کے بینک اکاونٹس میں منتقل کیے گئے ہیں۔