ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ نے حکومتی کرپشن بے نقاب کردی‘غفور حیدری

78

کندھ کوٹ(صباح نیوز) جمعیت علما اسلام ف کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے حکومتی کرپشن بے نقاب کردی ہے۔یہ بات انہوں نے چاچڑ ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کرپشن کا خاتمہ کرنے کی باتیں کرنے تک محدود ہے۔ سال2020ء تبدیلی اور پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کا سال ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا حکومت سے الگ ہونا، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، پاکستان مسلم لیگ ق اور اختر مینگل کی حکومت سے ناراضگی سے واضح نظر آ رہا ہے کہ عام انتخابات اسی سال ہوں گے۔ جے یو آئی آزادی مارچ کے بعد ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قیادت جیلوں سے باہر آنے والی باتیں جو کر رہے ہیں وہ ان کی مرضی ہے۔ آزادی مارچ نے کسی کو تو آزادی دلائی ہے۔ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ آٹے، چینی اور ٹماٹر کے دام بڑھا کر غریب عوام پر ڈرون حملہ کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے حج پالیسی کو مہنگا کر کے غریبوں کے لیے حج کرنا بھی ناممکن بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی کس بات پر یقین کیا جائے، وہ ایک درباری سیاست دان ہیں، ہر حکومت میں وزارتِ لینے والوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔