بھارتی یوم جمہوریہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے، سید صلاح الدین

101

مظفر آباد (صباح نیوز) بھارتی نیتائوں کے ہاتھ نہ صرف مظلوم کشمیری مسلمانوں بلکہ بھارتی مسلمانوں کے خون سے بھی ر نگین ہیں، ان حالات میں بھارت کا یوم جمہوریہ منانا مظلوم انسانوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے امیر سید صلاح الدین نے متحدہ جہاد کونسل کے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 72 سال سے کشمیر پر اپنا فوجی ناجائز قبضہ جمایا ہوا ہے، عالمی قوتوں کو چاہیے جس طرح انہوں نے ایسٹ تیمور، جنوبی سوڈان اور اسکاٹ لینڈ کا مسئلہ بغیر کسی لمحے کے ضائع کیے حل کیا، مسئلہ کشمیر کا حل بھی اسی طرح تلاش کیا جائے۔ بھارت نے 7 دہائیوں کے دوران لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا، ہزاروں بستیوں کو تخت و تاراج کیا، اربوں مالیت کی پراپرٹی کو نقصان پہنچایا، ہزاروں کشمیریوں کو پابند سلاسل کیا، ہزاروں کی تعداد میں عفت مآب خواتین کو بے آبروکیا اور آج بھی بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانے میں مصروف ہے لیکن اسے کوئی بھی طاقت نکیل ڈالنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ عالمی طاقتیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں حالانکہ سلامتی کونسل میں 18 قراردادیں موجود ہیں اور بھارت کی اُس وقت کی حکومت نے خود بھی تسلیم کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کاجائز حق، حق خود ارادیت دینے کے پابند ہیں۔