کوسٹ گارڈ نے اسمگل شدہ مال برآمد کرکے 22 افراد کو پکڑ لیا

137

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پاکستان کوسٹ گارڈزکی اسمگلنگ کیخلاف چھے مختلف کارروائیوں میں منشیات، چھالیہ، ایرانی ڈیزل اور دیگر غیر ملکی اشیا برآمد، اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی لانچیں اور گاڑیاں تحویل میں لے کر بائیس افراد کوگرفتار کرلیا گیا۔ ہفتے کو پاکستان کوسٹ گارڈز کے ترجمان کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ بلوچستان سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے خفیہ ذرائع کی نشا ندہی کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈرنے جوانوں کے ہمراہ موبائل گشت پارٹیاں ترتیب دیں اور مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کر دی گئی۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف جگہوں کارروائیاں کی گئی جس کے مطابق گوادر کھلے سمندر میں موجودمختلف لانچوں کی تلاشی کے دوران 80,000 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر کے 7 افراد گرفتار کرلیے گئے، ناکہ کھاری چیک پوسٹ وندر بلوچستان پرمختلف ٹرکوں سے 56,360 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر کے 2 افراد گرفتار کرلیے گئے۔ وندر بلوچستان کے قریب واقع ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر کوئٹہ سے کراچی آنے والی کوچ کی تلاشی کے دوران مسافر سے 5 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمدکر تے ہوئے ایک شخص کو گر فتار کرلیا گیا۔ وندرکے قریب واقع ناکہ کھاری چیک پوسٹ پردوران چیکنگ مختلف گاڑیوں سے 2,195 کریٹ ایرانی سیب، 583 کریٹ انار اور 886 کریٹ ایرانی کیوی فروٹ برآمد کرکے 10 افراد گرفتار کرلیے گئے۔ پسنی بلوچستان بدوک کے ایریا میں موبائل پیٹرولنگ کے گشت کے دوران خفیہ طریقے سے چھپایا گیا 25,000 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا گیا۔ وندر بلوچستان کے قریب واقع ناکہ کھاری چیک پوسٹ پرگاڑیوں کی تلاشی کے دوران غیر قانونی طریقے سے اسمگلنگ کی جانے والی اشیا میں 9,365 کلو گرام چھالیہ، 36 عدد ٹائر، 5 عدد اے سی، 59 بیگز چائنا سالٹ، 410 پیکٹ نسوار، 395 پیکٹ انڈین گٹکا، 606 درجن پیڈ لاک، 216 درجن صابن، 83 درجن پرفیوم، 72 عدد تھرماس، 2 ڈرم مینتھول، 1,908 عدد باڈی اسپرے، 200 کلو گرام غیر ملکی کپڑا، 50 عدد ہیر کیٹنگ مشین، 280 عدد اسکن پاوڈر، 1,085 اسٹک غیر ملکی سگریٹ ضبط کرلیے گئے۔ جبکہ 1 ٹینکر سے 50 ہزار ڈیزل جو کہ وائٹ اسپرٹ کے نام پر اسمگل کیا جارہا تھا برآمد کرکے 2 افراد کو گرفتار کرلیا جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ تمام اسمگل کی جانے والی چھالیہ، چرس، لانچوں، ٹرکوں، ایرانی ڈیزل، متفرق اشیا اور 22 افراد کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ پکڑی جانے والی اشیا کی مالیت کروڑوں روپے کے لگ بھگ ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جاسکے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔