بلوچستان :ٹریفک حادثات، 3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

120

کوئٹہ(نمائندہ جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار اور بولان میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بلوچستان کے ضلع خضدار میں 40 کلومیٹر جنوب میں دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں گاڑی اورآئل ٹینکر کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں پشین کے رہائشی 2 بہنوں اور بھائی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں اسمہ بی بی، سمیرہ بی بی، انعام اللہ اور ڈرائیور فدا محمد شامل ہیں۔واقعے کی اطلاع ملنے پر لیویز نے موقع پر پہنچ کر حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو خضدار اسپتال منتقل کیا جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ادھر ضلع بولان کے علاقے لمجی میں مزدا ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار اعجاز احمد اور اس کی اہلیہ مائی بانو جاں بحق ہوگئے جو سبی کے رہائشی تھے۔ لیویز نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔