ملک میں غریب غریب تراور امیر طاقتور ہورہا ہے‘ شیخ رشید کااعتراف

259
راولپنڈی: وفاقی و زیر ریلوے شیخ رشید احمد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

راولپنڈی (صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں‘ عمران خان اور عثمان بزدارکہیں نہیں جا رہے‘صرف افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں‘ اتحادی راضی ہو جائیں گے‘ قوم کو شریفوں، زرداریوں اور ان کے ایجنٹوں سے خطرہ ہے ۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ماضی میں چوروں اور ڈاکوئوں نے ملک کو لوٹا جس کی وجہ سے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا جو ہماری مجبوری تھی۔ ایک بار پھر مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں مہنگائی ختم کریں گے اور عمران خان کہتے ہیں کہ ملکی مسائل2020ء میں حل ہو جائیں گے لیکن پنڈی کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ پریشان نہ ہوں مسائل 2021ء میں حل ہوں جائیں گے‘ ملک میں غریب، غریب تر اور امیر طاقتور ہو رہا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ناراض ہیں وہ جلد مان جائیں گے‘ بڑے نام سمجھتے ہیں کہ وزارت اعلیٰ پر ان کا حق ہے جب کہ جو کرپٹ ہو گا عمران خان کی کیبنٹ میں نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی باتیں جائز ہیںجب کہ چودھری برادران بھائیوں کی طرح ہیں اور دونوں ہی جماعتیں عمران خان کے ساتھ کھڑی رہیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے4 پروجیکٹس مکمل کرکے سیاست چھوڑ دوں گا‘ پروجیکٹ مکمل ہونے پر سیاست چھوڑ کر تعلیم کے سیکٹر میں کام کروں گا۔ وفاقی وزیر نے راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا۔