کشمیربھارت کا حصہ ہے نہ کبھی رہے گا،صدر ،وزیراعظم آزاد کشمیر

218

مظفرآباد(صباح نیوز)آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان اور وزیراعظم راجا فاروق حیدرنے کہا ہے کہ بھارت کی جمہوریت کا پول دنیا پر کھل چکا ہے وہ جمہوری ملک اور نہ ہی سیکولرازم پر یقین رکھتا ہے کیونکہ جہاں اقلیتوں اور غیر ہندوئوں کو زندہ رہنے کے حق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے،کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ رہا ہے نہ رہے گا۔اپنے ایک پیغام میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت یوم جمہوریہ منا رہا ہے لیکن اہل جموں وکشمیر، پاکستان اور دنیا بھرمیں آزادی کے علمبردار اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں یہ یوم سیاہ صرف جموں کشمیر اور پاکستان میں نہیں بلکہ آج پوری دنیا میں بین الاقوامی سطح پرسیکڑوںشہروں میں بھارتی حکومت ، حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی اتحادی راشٹریا سوائم سیوک سنگھ کے ظالمانہ اور سفاکانہ چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے منایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو نعرے اس سے قبل کشمیر میں گونج رہے تھے وہ آج بھارت کے طول و عرض میں گونج رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے 5اگست کے غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور بھارت کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ کشمیر پر اپنا قبضہ ختم کرو، وہاں سے اپنی قابض افواج کا انخلا کرو۔، محاصرہ ختم کرواور اہل جموں وکشمیر کو ان کی سرزمین واپس لوٹا دو۔ کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ رہا ہے نہ رہے گا۔ وزیر اعظم راجا محمدفاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی،مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق کشمیری عوام ہیں۔مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اب انسانی مسئلہ بن چکا ہے۔ عالمی طاقتیں ہندوستان کو مذکرات پر مجبور کریں۔ دوطرفہ مذاکرات سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ کشمیریوں کو شامل کر کے مسئلہ کشمیر پر سہ فریقی مذاکرات ہونے چاہیں۔