تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکاجائے

151

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم شہرحافظ امان اللہ نے کہا ہے کہ ضلعی اورشہر کے تعلیمی اداروںکی انتظامیہ محض کاغذی کارروائیوں کے بجائے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کیلیے حقیقی اقدامات کریں۔ موجودہ حکومت نے دعویٰ کیاتھاکہ ہم ہر ضلع میں کھیلوں کے میدان بنائیں گے مگر منشیات فروش اسکولوں و کالجوں میں بچوں کو منشیات کا عادی بنا رہے ہیں جبکہ حکومت سو رہی ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے ملک و قوم کو ایسی دلدل میں پھنسا دیا ہے جس سے نکلنے کا واحد راستہ اللہ سے اجتماعی توبہ و استغفار اور اسلامی تعلیمات کا فروغ ہے۔ ایک طرف مدینہ کی اسلامی ریاست کی بات ہورہی ہے تو دوسری طرف حکومت خود ایسا ماحول تیار کر رہی ہے جو اسلامی ریاست کی ضد ہے۔حافظ امان اللہ نے کہا کہ حکومتی وزیر خود اعتراف کرتے ہیں کہ ملک کے 67 لاکھ نوجوان نشے میں مبتلاہیں جن میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد شامل ہے۔ معیشت کی تباہی، غربت، افلاس اور مہنگائی میں اضافہ سے پوری قوم پریشان ہے۔ حکومت نے ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کی بات کی تھی مگر ہر ماہ پچاس ہزار لوگ بے روزگار ہورہے ہیں اور حکومت کے پہلے دس ماہ میں پانچ لاکھ لوگ روزگار سے محروم ہوئے ہیں۔