واسا ملازمین کی تنخواہوں کیلیے احتجاج کریں گے ،عبدالقیوم

123

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر)

HDA ایمپلائز یونین نے واسا ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور ورک چارج ملازمین کو مستقل نہ کرنے کیخلاف آج احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری عبدالقیوم بھٹی نے کہا کہ شعبہ واسا کے ملازمین نے گزشتہ مہینے ان مسائل کو حل نہ کرنے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے واٹر سپلائی اور سیوریج کے نظام کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تلسی داس پمپنگ اسٹیشن پر احتجاجی کیمپ پر دھرنا دیا، جس میں شعبہ واسا کے ملازمین بڑی تعداد میں جمع تھے۔ اس ہڑتالی کیمپ میں شعبہ واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر مظفر حسین میمن آئے اور ایمپلائز یونین کے عہدیداروں سے مذاکرات کرنے کے بعد ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ڈائریکٹر جنرل HDA کی جانب سے آپکو یقین دلاتا ہوں کہ تمام ریگولر ورک چارج ملازمین کی تمام تنخواہوں کے علاوہ تمام پنشنرز کی بقایا پنشن اور دیگر بقایا جات 15 دن میں ادا کردیے جائیںگے، دیگر مطالبات پر بھی جلد از جلد پیش رفت کرتے ہوئے انہیں حل کردیا جائے گا۔ لہٰذا HDA ایمپلائز یونین اور آپ اس ہڑتال کو موخر کردیں۔ اس یقین دہانی پر HDA ایمپلائز یونین نے تمام ملازمین کے مشورے سے اس ہڑتال کو موخر کیا مگر ایک ماہ سے زیادہ گزر جانے کے باوجود HDA انتظامیہ اپنا وعدہ پورا کرنے میں ناکام ہے اور شعبہ واسا کے ملازمین 7 مہینے سے تنخواہوں، پنشن سے محروم ہونے کی وجہ سے شدید مالی مشکلات میں مبتلا ہیں جبکہ ہم نے حکومت سندھ کو بھی تمام صورتحال سے مطلع کرتے ہوئے شعبہ واسا کے بقایا جات کی رقم ادا کرنے اور 36 کروڑ روپے سے زائد کی سمری جلد از جلد منظور کرتے ہوئے اس رقم کو جاری کرنے کی طرف توجہ دلاتے رہے مگر یہ رقم بھی اب تک جاری نہیں کی جارہی۔