عمران خان کو مسلط کرنے والے بھی ناراض ہوگئے‘ اے این پی

113

بٹ خیلہ (صباح نیوز )اے این پی کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ عمران خان سے اتحادی اور ساتھیوں سمیت انہیںعوام پر مسلط کرنے والے بھی ناراض ہوگئے ہیں، سلیکٹیڈ حکومت اورملک ایک ساتھ مزید نہیں چلے گا، فوری طور پر شفاف انتخابات کرکے اقتدار حقیقی نمائندوں کے حوالے کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حیدر ہوتی نے کہا کہ ایمانداری کی ٹھیکدار وں نے ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات کا سلسلہ شروع کیا ہے،ثابت ہورہا ہے کہ پی ٹی آئی میں سب چور اکھٹے ہوئے ہیں۔ دوسروں کی تلاشی لینے والے اب فارن فنڈنگ ، بی آر ٹی اور ملم جبہ اسکینڈل پر تلاشی دینے کے لیے تیار ہوجائیں۔ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم سے واپسی ملک کے لیے خطرہ ہوگا،اس لیے اسے نہ چھیڑا جائے۔اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے، حکمران جماعت کے اراکین آپس میں لڑ پڑے ہیں کارکن نئی الیکشن کی تیاری کریں۔ صوبے میں 3 وزرا کرپشن میںبرطرف ہونے کو ہیں، مگر اس مرتبہ عمران خان کے جانے کی باری ہے۔جلسے میں صدر اسفندیارولی خان بیماری کے باعث شریک نہ ہوسکے۔