بھارت میں ایک بی جے پی رہنما قتل

204

تریچی: بھارتی شہر تریچی میں ایک نامعلوم گروہ نے حکومتی پارٹی بی جے پی کے زونل سیکریٹری وجایا راگھو کو قتل کردیا۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق حملہ آور گروہ تین افراد پر مشتمل تھا۔ بی جے پی کے زونل سیکریٹری مقامی مارکیٹ میں واقع ایک چائے کے ہوٹل میں موجود تھے جب حملہ آور گروہ نے ایک تیز دھار آلے درانتی سے حملہ کیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔

گاندھی مارکیٹ پولیس نے وجایا راگھو کو سرکاری اسپتال منتقل کیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بی جے پی رہنما کچھ ہی دیر میں ہلاک ہوگئے۔

بی جے پی کارکنان اسپتال کے قریب جمع ہوئے اور مظاہرہ کیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور مسلمان بنیاد پرست تھے اور  مطالبہ کیا   کہ انھیں گرفتار کیا جائے جبکہ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ قتل ‘ مٹھائی بابو ‘ ،جو کہ ضمانت پر رہا ہیں، اس کے ساتھیوں اور وجایا راگھو  کے درمیان ذاتی دشمنی کی وجہ سے ہوا ہے۔

مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایک خصوصی ایڈیشنل کمشنر پولیس کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔