مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور نوجوان شہید

65

سرینگر (صباح نیوز) مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں تیزی آئی ہے۔ گزشتہ روز جنوبی کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا، اس طرح ایک ہفتے کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی کشمیر کے قصبے بیجبہاڑہ میں مخدم پورہ کے مقام پر قابض فوج نے ایک مکان میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع کے بعد علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی۔ محاصرے کے دوران علاقے سے گولیوں کی آوازیں بھی سنائی دیں، جس کے بعد عوام میں خوف وہراس پھیل گیا، بھارتی فوج کی فائرنگ میں ایک نوجوان شہید ہوا جس کے بعد علاقے میں مشتعل افراد نے فورسز پرپتھراؤ کیا، فورسز نے جوابی کارروائی کے دوران مظاہرین پر لاٹھی چارچ کیا اور آنسو گیس کے گولے بھی داغے۔ اس سے قبل ہفتے کی صبح ترال کے گاؤں ہاری پاری گام میں بھارتی فوج نے 3 نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔