ملک بھر کے عارضی کنٹونمنٹ ملازمین کو مستقل کرنے کیلیے پالیسی جاری

72

پشاور (آن لائن) خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے 45 کنٹونمنٹس بورڈ میں ہزاروں عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے فیصلے کے پیش نظر خصوصی پالیسی جاری کردی گئی ہے، پشاور، بنوں، کوہاٹ ، ڈیرہ اسماعیل خان، نوشہرہ، مردان، رسالپور، چراٹ، حویلیاں میں 20 سال سے عارضی ملازمین کو فوری طور پرمستقل کرنے جبکہ 10 سال سے مسلسل ملازمت پر موجود ملازمین کے لیے پوسٹیں نہ ہونے پر پوسٹیں تشکیل دیکر انہیں مستقل کیا جائے گا، کنٹونمنٹس بورڈز میں عارضی ملازمین کو پہلی مرتبہ موجودہ وفاقی حکومت اور ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس کی ذاتی کوششوں کی جانب سے مستقل کیا جارہا ہے۔ ڈی جی ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس پاکستان میجر جنرل حسنات عامر گیلانی کی جانب سے جاری کی گئی پالیسی کے مطابق بڑی تعداد میںعارضی ملازمین کی ملازمتوںکو تحفظ مل جائے گا۔ ڈی جی کی جانب سے خیبر پختونخوا کے تمام کنٹونمنٹس بورڈز کی انتظامیہ کو جاری کردہ سرکلر میںکہا گیا ہے کہ عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے مراحل میں تاخیر نہ کی جائے اور فوری طور پر 20 اور 10 سال سے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کیلیے سنیارٹی محکمانہ کارکردگی کے ساتھ ڈیپارٹمنٹ کو بھجوایا جائے تاکہ ملازمین کی عارضی ملازمت کو مستقل کیا جا سکے۔