مظاہرین، عوام کی بہنوں اور بیٹیوں کوجنسی زیادتی کا نشانہ بنائیں گے، بی جے پی

176

نئی دہلی: ہندوستان کی برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے ایک قانون ساز پرویش ورما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریت ترمیمی بل کے خلاف مظاہرہ کرنے والے عوام کی بہنوں اور بیٹیوں کو جنسی ہوس کا نشانہ بنائیں گے۔

اپنے انٹرویو میں پرویش ورما کا کہنا تھا کہ مظاہرین، جن میں زیادہ تر مسلمان ہیں، شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ کرنے کے لئے نئی دہلی کے شاہین باغ میں جمع ہو رہے ہیں لیکن بہت جلد وہ عام شہریوں کے گھروں میں زبردستی داخل ہوجائیں گے اور ان کی بیٹیوں اور بہنوں سے زیادتی کرنے کے بعد انہیں قتل کردیں گے۔

بی جے پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اگر بی جے پی نے نئی دہلی میں اپنی حکومت قائم کرلی تو شاہین باغ میں ایک بھی مظاہرہ کرنے والا نہیں ملے گا، اب بھی وقت ہے بیدار ہوجائیں ورنہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ آپ کو بچانے نہیں آئیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بی جے پی کے رہنما انوراگ ٹھاکر نے ایک ریلی کے شرکا کو شہریت ترمیمی کے خلاف مظاہرین پر اشتعال انگیز ریمارکس دینے کی ترغیب دی تھی اور ملک کے غداروں (مظاہرین) کو گولی مارنے کا مطالبہ کیا تھا۔