یورپی یونین بھارت پر پابندی عاید کرسکتی ہے‘ محبوبہ مفتی

142

سری نگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے امید ظاہر کی ہے کہ جموںوکشمیر میں فوجی محاصرے اور لاک ڈاؤن اوربھارت میں متنازع قانون شہریت کے خلاف یورپی پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی قراردادوں کا نتیجہ بھارت پر پابندیوںکی صورت میں نکلے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کشمیرمیڈیا سروس پر ایک ٹوئٹ جاری کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے یورپی پارلیمنٹ میںبھارت کی مذکورہ جارحیت کے خلاف قراردادوں کی منظوری پر اظہار مسرت کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان قراردادوںکے نتیجے میں بھارت پر یورپی یونین پابندیاں عاید کر ے گی۔ ادھر نیشنل کانفرنس نے کشمیر پولیس کے میڈلز کے نام کی تبدیلی کے بارے میں بھارتی حکومت کے حالیہ فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے بھارت کے موجودہ فرقہ پرست حکمرانوںکی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے ۔سابق قانون ساز اور پارٹی کے ضلعی صدر پیر آفاق احمد کے دستخطوںسے جاری بیان میں کہا ہے کہ بھارت جموں و کشمیر کی سیاسی انفرادیت کی ہر ایک علامت کومٹانے کی کوشش کر رہا ہے ۔