الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے تحت بونیر میں 20بستروںکے اسپتال کا افتتاح

133

راولپنڈی (وقائع نگارخصوصی)الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے تحت فرینڈز آف الخدمت سعودی عرب کے تعاون سے بونیر میں 20بستروںکے اسپتال کا افتتاح کردیا گیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت بونیر اسپتال کا قیام بونیر میں صحت عامہ کی سستی اورمعیاری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ اس اسپتال میںآپریشن تھیٹر، لیبر روم، نرسری، جنرل اور پرائیویٹ وارڈز، مائنر ایمرجنسی، لیبارٹری، ای سی جی، الٹراساؤنڈ، ایکسرے، فارمیسی اور ایمبولینس سروس کی سہولت 24گھنٹے میسر ہوگی۔ اسپتال میں مہیا کی جانے والی تمام تر سہولیات مارکیٹ سے 50فیصد کم ریٹ پر مہیا کی جائیں گی۔ 20بستروں پر مشتمل اسپتال کی تعمیر پر 4کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ اس کے علاوہ زکواۃ کے مستحق نادار مریضوں کا علاج مفت کیا جائے گا۔افتتاحی تقریب میںالخدمت خیبرپختونخواکے صدر خالد وقاص،ہیلتھ منیجر طارق وحید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بونیرجاوید اقبال، سابق صوبائی وزیرحاجی حبیب الرحمٰن خان،سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بخت جہان خان،ممتاز ماہر امراضِ قلب پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک،معروف سماجی شخصیت مولانا حبیب الرحمن اوردیگر الخدمت کے ذمے داران اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔