حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اضافہ کررہی ہے

118

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیرمیاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ ،جنرل سیکرٹری راناعمرفاروق نے کہا ہے کہ زرعی ملک میں روٹی اور آٹے کا فقدان حکمرانوں کی ناکام گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عام آدمی کے گھر کا چولہا بند اور وہ فاقہ کشی پر مجبور ہے۔ تحریک انصاف کے 18 ماہ کے دور اقتدار میں بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری نے پوری قوم کے ساتھ پی ٹی آئی کے ووٹر سپورٹر کو بھی شدید مایوس کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے ہر دوسرے دن ان میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ حکمرانوں کی طرز حکمرانی نے ثابت کیا ہے کہ حکومت کی ترجیحات میں عوامی فلاح وبہبود شامل نہیں۔ حکومت نے آئی ایم ایف کی ظالمانہ اور عوام دشمن پالیسیوں پر عمل درآمد کرکے پوری قوم کو مہنگائی کی دلدل میں دھنسا دیا ہے جس سے نکلناناممکن ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستے دام آٹا بیرون ممالک فروخت کرکے مہنگے دام خریدنے سے پوری قوم کے سامنے حکمرانوں کی نااہلی کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔ حکومتی وزرا بھی اس بات کو تسلیم کررہے ہیں آٹے کا بحران سازش کے تحت پیدا کیا گیا ہے جبکہ بحران پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جو قابل مذمت ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوںنے سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ آٹا بحران کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں سامنے آنے والے ذمے داران کو آئین و قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں اورگندم اور آٹے کی پرانی قیمتوں کی بحالی کے لیے فی الفور اقدامات کیے جائیں۔