کل برطانیہ یورپین یونین سے علیحدہ ہوجائے گا

233

یورپین یونین کی پارلیمنٹ میں ایک قرارداد (بریکسٹ)  منظور ہوگئی ہے جس کے تحت برطانیہ کل 31 جنوری کو رات 12 بجے یورپین یونین کی رکنیت سے سبکدوش ہوجائے گا۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق برطانیہ کے 73 یورپین یونین ممبر بریکسٹ قرارداد کے تحت کل رات یونین کی نشستوں اور اس کے ماتحت تمام سیاسی اداروں سے سبکدوش کردیئے جائیں گے تاہم برطانیہ 11 ماہ کی عبوری مدت تک یونین کا حصہ شمار کیا جائے گا اور اس کی تمام قانونی شقوق اور اصول و ضوابط کا پابند ہوگا۔

برطانیہ نے یورپین یونین میں 1973 میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس وقت یونین کو یوروپین اکنامک کمیونٹی کے نام سے جانا جاتا تھا۔

یورپین یونین ایک اقتصادی اور سیاسی یونین ہے جس میں 28 یورپی ممالک شامل ہیں۔ یورپین یونین اپنے ممبران ممالک کے مابین مفت تجارت کی اجازت دیتی ہے اور تجارتی اشیاء بغیر کسی چیک یا اضافی قیمتوں کے ارکان ممالک کے درمیان منتقل ہوسکتی ہیں۔

یوروپین یونین اپنے ممبران ممالک کی عوام کو کسی بھی رکن ملک میں آزادانہ نقل و حرکت اور اس میں رہنے اور کام کرنے کی اجازت بھی دیتی ہے۔

خیال رہے کہ یورپین یونین کی مذکورہ بالا بریکسٹ قرارداد جون 2016  کے ریفرنڈم کے بعد زیر غور آئی تھی  جس میں برطانیہ کے  یونین سےانخلاء کے حق میں 51.9 فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے۔ برطانیہ کی حکومت نے مارچ میں یورپین یونین سے دستبرداری کا باضابطہ اعلان کیا جس سے بریکسٹ قرارداد کا آغاز ہوا۔