جنگ بھارت شروع کریگا ‘ ختم ہم کرینگے، پاک فوج

255

راولپنڈی(خبرایجنسیاں)ترجمان پاک فوج ترجمان میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت کو بتاچکے ہیں کہ اگر اس نے جنگ شروع کی تو ختم ہم کریں گے۔ جمعرات کو آئی ایس پی آرڈائریکٹوریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت غیر ذمے دارانہ بیانات دے رہی ہے، بھارتی قیادت کہتی ہے کہ پاکستان کو 7 سے 10 دن میں ختم کر دیں گے، ذمے دارافراد ایسے بیانات نہیں دیتے، بات صرف 7 یا 10 دن کی نہیں اس سے پہلے اور بعد کی بھی ہے، اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے،افواج پاکستان اور عوام کی جانب سے ہمیشہ آپ کو سرپرائز ملے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جو فوج 71 سال سے 8 ملین کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکی وہ 207 ملین پاکستانیوں کو کیسے شکست دے سکتی ہے؟ افواج اسلحے کے زور پر نہیں، جذبہ ایمانی اور عوام کی حمایت سے لڑتی ہیں اور کوئی دنیاوی طاقت ایک متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتی۔ آصف غفور کا کہنا تھا کہ فروری 2019ء میں بھارت جنگ کی دستک دے چکا تھا تاہم افواج پاکستان کی تیاری اور مؤثر جواب نے امن کا راستہ ہموار کیا،خطے میں امن کے لیے آرمی چیف کے تاریخی اقدامات رہے، جنرل باجوہ کی حکمت علمی نے جنوبی ایشیا کو بہت بڑی تباہی سے بچایا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کو بند کرے، مقبوضہ کشمیر میں لگی آگ پورے خطے میں پھیل سکتی ہے، دنیا کو بھی اس خطرے کا ادراک ہو نا چاہیے۔فوجی ترجمان نے کہا کہ آئی ایس آئی دنیا کی مانی ہوئی انٹیلی جنس ایجنسی ہے، ہمیں اپنی انٹیلی جنس ایجنسیوں پر فخر ہے، آئی ایس آئی اور آئی بی ایم آئی نے مل کر بہت سے دہشت گردی کے واقعات کو روکا، پاکستان مشکل وقت میں بہتری کی طرف جا رہا ہے ۔ آصف غفور کا کہنا تھا کہ اگر ’بھارتی‘ میرے جانے پر خوش ہیں تو میرے لیے یہ اعزاز ہے، ہم سب کا ایک عہدوفا ہے، وطن کی مٹی و ہم وطنوں کے ساتھ، عہد وفا کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اور ان شااللہ ہم اس عہد کو وفا کریں گے، آپ سب کے تعاون کا شکریہ، میڈیا کا شکریہ، پاکستانی عوام بالخصوص سوشل میڈیا پر نوجوانوں کا شکریہ، یکم فروری سے نئے ڈی جی اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔