آزاد کشمیر ‘ احتساب قانون میں ترمیم کا فیصلہ‘اپوزیشن سے مشاورت ہوگی‘راجا فاروق

135

مظفرآباد(صباح نیوز) وزیر اعظم آزاد راجا فاروق حیدر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں احتساب کے قانون میں اپوزیشن کی مشاورت سے ایسی ترامیم لا رہے ہیں کہ بے گنا ہ کو سزاد نہ ہو اور گناہ گار بچ نہ سکے۔ نئی مجوزہ ترامیم سے جھوٹا الزام لگانے والے کو 5سال قید اور 5لاکھ جرمانہ ہو گا،الزامات ثابت ہونے تک کسی کا میڈیا ٹرائل نہیں ہو سکے گا، ریمانڈ کی مدت میں کمی کی گئی ہے،گرفتاری کا وارنٹ احتساب عدالت جاری کر ے گی، صدر ریاست کے اختیارات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ اپوزیشن قائمہ کمیٹی کے اجلاس اور بعد ازاں ایوان کے اندر بھی مجوزہ ترمیم پر بحث کر سکتی ہے۔ وہ جمعرات کے روز آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں آزادکشمیر احتساب بیورو (چھٹی ترمیم ) ایکٹ 2020ء مسودہ قانون کو ایوان میں پیش کرنے کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس مسودہ قانون کومجلس قائمہ کے سپرد کر دیا گیا۔ احتساب بیورو کے مجوزہ ترمیم کے مسودہ پر اپوزیشن کی جانب سے اسے مؤخر کرنے کے حوالے سے تجویز پر اظہار خیال کر تے ہوئے قائد ایوان نے کہا کہ ہم اس قانون میں اتفاق رائے اور اپوزیشن سے مشاورت کے ساتھ ترمیم چاہتے ہیں تاکہ اس میں مزید بہتری لائی جا سکے اور کسی بھی شریف کی پگڑی کو اچھالا نہ جا سکے۔ انہو ں نے کہا کہ نئی ترمیم کے تحت کوئی گناہ گار نہیں بچ سکے گا البتہ بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہ ہو سکے گی۔ اپوزیشن اس میں مزید ترامیم لانا چاہتی ہے تو اس کا خیر مقدم کریں گے۔ وزیر قانون نے اس موقع پر کہا کہ اپوزیشن اس مسودہ کو کمیٹی کے سپرد کرنے دے وہاں بحث کر ے، تجاویز لائے،مکمل موقع موجود ہے۔ اپوزیشن رکن اسمبلی محمد صغیر خان نے کہا کہ احتساب بیور و ایکٹ میں ترمیم لانے میں جلدی کامظاہرہ نہ کیا جائے بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر نے مسودہ ترمیم قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔قبل ازیں وزیراعظم فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم کے بیانات کو ہلکا نہ لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے لیے مودی دھمکیاں دے رہا ہے۔اس سے قبل اپنے انتخابی منشور میں مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے متعلق دفعہ 370اور 35اے کے خاتمہ کو شامل کیا اور پلوامہ واقعے کے بعد بدلہ لینے کی بات کی تھی ۔ اس نے دونوں باتوں پر عمل کیا اگرچہ فضائی حملے پر اسے منہ کی کھانا پڑی لیکن بھارتی فضائیہ نے حملے کی نیت سے سرحد پار کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کی مزید مضبوطی کے لیے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیلم ویلی میں برفباری کے بعد پاک فوج ، ایس ڈی ایم اے ، این ڈی ایم اے ، پولیس، انتظامیہ ،مقامی رضا کاروںنے اچھا کام کیا۔ قدرتی آفات کو روکا نہیں جا سکتا۔ البتہ رسپانس کو تیز تر کیا جا سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات میں جانی نقصان پر مالی اعانت ڈیڑھ لاکھ روپے سے بڑھا کر 4لاکھ روپے کردی ہے ۔