جماعت اسلامی راولپنڈی یکم فروری سے ہفتہ یکجہتی کشمیر منا رہی ہے

157

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی یکم فروری سے ہفتہ یکجہتی کشمیر منا رہی ہے۔ راولپنڈی میں 5 فروری کو 11 بجے صبح لیاقت باغ چوک مری روڈ سے کمیٹی چوک تک یکجہتی کشمیر ریلی ہوگی۔ جس میں مردوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی راولپنڈی زون پی پی 17 کی یونین کونسلز72 ،73 اور74 کے تنظیمی دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تنظیمی دورے میںضلعی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی زون پی پی 17 قاضی محمد ظہیر اور جنرل سیکرٹری مولانا سمیع الحق منصوری نے رپورٹ پیش کی اور بریفنگ دی۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہمارے مسلمان بھائیوں ٗبزرگوں ٗ مائوں ٗ بہنوں اور بچوں پر قیامت صغریٰ گزر رہی ہے۔مگر افسوس کہ پاکستان سمیت سارے عالم اسلام میں قبرستان کی سی خاموشی ہے۔نہتے اور بے بس کشمیری مسلمانوں کو بھارتی درندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے مظلوم کشمیری کلمہ گو بھائیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔ یہ ہمارا ددینی فریضہ ہے۔ تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔بھارت نے جموں و کشمیر میں ظلم و جبر کی انتہا کر دی ہے۔ تمام تر مظالم اور قتل و غارت گری کے باوجود غیور اور بہادر کشمیریو ں نے بھارت کی غلامی کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔سید عارف شیرازی نے راولپنڈی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مظلوم کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے 5 فروری کو یکجہتی کشمیر ریلی میں اپنے دوست احباب کے ساتھ شرکت کریں۔