حیدرآباد :ایچ ڈی اے مزدور فاقہ کشی کا شکار،بقایات جات کی ادائیگی کا مطالبہ

98

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین نے ادارہ ترقیات حیدر آباد کے مزدور دشمن رویے کیخلاف حیدر آباد پریس کلب پر احتجاجی دھرنا دیا، جس میں ایچ ڈی اے کے مزدوروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ایچ ڈی اے انتظامیہ کی بے حسی، لاپروائی، غفلت اور نہ اہلی کیخلاف شدید نعرے لگاتے ہوئے اپنی تنخواہوں، پنشن اور ورک چارج ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے آرگنائزر اعجاز حسین، جنرل سیکرٹری عبدالقیوم بھٹی، عطر خان، وحید اللہ، نیاز حسین چانڈیو، جمیل الدین شیخ نے کہا کہ ایچ ڈی اے شعبہ واسا کے ملازمین جن کو ایچ ڈی اے انتظامیہ عرصہ دراز سے 4،6 اور 8 ماہ بعد تنخواہوں کی ادائیگی کرتی ہے، اس کے باوجود اس شعبے کے ملازمین حیدر آباد کے واٹر سپلائی اور سیوریج کے نظام کو 24 گھنٹے رواں دواں رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں جبکہ ایچ ڈی اے انتظامیہ اپنی نااہلی اور بد انتظامی کی وجہ سے واٹر اینڈ سیوریج کے کمرشل اور ڈومیسٹک بلوں کے واجبات وصول کرنے میں نا کام ہیں بلکہ حکومت سندھ پر واٹر اینڈ سیوریج کے 4 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد ماہانہ رقم بھی ان نااہل افسران کی وجہ سے وصول نہیں کی جارہی۔ اس تمام صورتحال سے حیدر آباد کے شہریوں کو واٹر سپلائی بالخصوص سیوریج کے نظام کی انتہائی خراب صورتحال کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے حیدر آباد کی تینوں تحصیلوں میں گلیوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں جگہ جگہ سیوریج کا گندا پانی کھڑا ہوا ہے اور اس شعبے کے ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے شدید مالی بحران میں مبتلا ہونے کی وجہ سے بھوک، بیماری مفلسی کی زندگی گزار رہے ہیں اور اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ لہٰذا ہم ایچ ڈی اے انتظامیہ کے علم میں لارہے ہیں کہ ایک ہفتے کے اندر اندر تمام ملازمین کی تنخواہیں، پنشن اور دیگر واجبات ادا نہیں کیے گئے تو ملازمین فراہمی آب اور نکاسی آب کا نظام بند کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کے بعد حالات کی تمام تر ذمے داری ایچ ڈی اے انتظامیہ پر عائد ہوگی۔