مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کے ہاتھوںمزید3 نوجوان شہید،محاصرے اور آپریشن جاری، لاک ڈائون کو 6ماہ مکمل

120

سری نگر(مانیٹر نگ ڈ یسک +خبر ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں جموں کے علاقے میں فائرنگ کرکے3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا،تمام اسکولز بند ،محاصرے اور آپریشن جاری،لاک ڈائون کو 6ماہ مکمل ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو بھارتی فوجیوں نے ضلع نگروٹا کے علاقے میں جموں سری نگر ہائی وے پر بین ٹول پلازہ کے قریب شہید کیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھارتی فورسز نے شاہراہ بین ٹول پلازہ پر سری نگر جانے والے ٹرک کو روک کر اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 نوجوان شہید ہوگئے۔علاوہ ازیںبھارتی فورسز نے ٹرک ڈرائیور سمیت 2افراد کو گرفتار اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔اسی علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک بھارتی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔ نوجوانوں کی شہادت کے بعد بھارتی پولیس نے جموں سری نگر ہائی وے کو بند کردیا۔ دوسری جانب بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، پلواما، شوپیاں، اسلام آباد، کولگام، کشتواڑ، رامبان، راجوری اور پونچھ اضلاع کے متعدد علاقوں میں محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کیا۔مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باعث حالات مزیدسنگین ہوگئے ہیں جب کہ ہزاروں افرادبے روزگار بھی ہوگئے ہیں ۔