ٹرمپ کا نام نہاد منصوبہ ناقابل قبول ہے،اجمل حسین بدر

87

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی115 کے امیراجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری راناعمرفاروق نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا منصوبہ بیت المقدس انتہائی قابل مذمت ہے، اس کا مقصد صرف اور صرف اسرائیل کو مضبوط کرنا ہے۔ امریکا مشرق وسطیٰ کے حالات خراب کرنے کی غرض سے اس قسم کے اقدامات کررہا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا نام نہاد منصوبہ ناقابل قبول ہے۔ امریکا اسرائیل اور بھارت نے عالمی امن کو برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا منصوبہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ثابت ہوگیا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت انسانیت کا راگ الاپنے والے ممالک اور این جی اوز یہود ونصاریٰ کے ایجنڈوں پر کام کررہے ہیں۔ دنیا میں امن کے لیے عالمی برادری کو متعصبانہ رویہ ترک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کے قبضے میں دینا سازش ہے، جس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ بیت المقدس قبلہ اول ہے اور اس کی حفاظت ہمیں دل وجان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ المیہ یہ ہے کہ اس اہم مسئلے پر امت مسلمہ کی تقسیم سے کفار بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلاکر نہ صرف اس اقدام کی مذمت کی جانی چاہیے بلکہ سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ٹرمپ اور اسرائیل کو اس گھنائونے اقدام سے روکا بھی جانا چاہیے۔ حکومت پاکستان بیت المقدس کے مسئلے پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کے بجائے واضح موقف اختیار کرے۔ گوں مگوں کی پالیسی سے عوام میں اضطراب پایا جاتا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ کو کفار کیخلاف متحد کیا جائے۔