راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)الخدمت فائونڈیشن اسلام آباد اور قوس قزاح کے باہمی اشتراک سے تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر راولپنڈی آرٹ کونسل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت سے حامد اطہر ملک ،قوس قزاح سے ڈاکٹر فوزیہ ،اخوت سے امان اللہ خان، یو کے سے طارق احمد، پنجاب لیٹریسی سے غلام احمد ، الخدمت سے منیجر پروگرامز شہزاد سلیم عباسی سمیت دیگر مہمانان گرامی اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حامد اطہر ملک صدر الخدمت اسلام آباد نے کہا کہ میں تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر تقریب کے منتظمہ ڈاکٹر فوزیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جنہوں نے بچوں کی تعلیم کے حصول کے لیے بزم سجائی۔ حامد اطہر نے کہا کہ اس موقع پر ہم اساتذہ کو سلام پیش کرتے ہیں جو ہر لمحہ بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی بساط سے بڑھ کر اپنے فرائض انجام دیتے ہیں اور انتھک محنت و کوشش کے ذریعے بڑے بڑے ہیرے ارض وطن کو سونپتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے۔ مگر بدقسمتی سے قیامِ پاکستان سے آج تک ہم ملک میں تعلیمی اصلاحات اور مساوی نظام تعلیم کا نفاذ نہیں کر سکے۔ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ سلام کو عام کرنا تعلیم کی بنیادی تعلیمات میں سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی نظام کا بنیادی عنصر یعنی اچھے اساتذہ، اس نظام کی روح ہیں اور جب تک اساتذہ کو معاشرے میں عزت نفس نہیں ملتی، وہ مقام نہیں ملتا جس کے وہ مستحق ہیں ، وہ اپنے فرائض کو بخوبی انجام نہیں دے سکتے۔امان اللہ خان نے کہا کہ علم کی شمع جلانے والے پورے عالم کو علم کی روشنی سے منور کر دیتے ہیں۔ استاد کسی بھی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔طارق احمد نے کہا کہ ہم دنیا بھر کے اساتذہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر مختلف سکولوں کے بچوں نے ملی نغ میں اور ترانے پیش کیے۔