حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھی شاگرد تحریک کی جانب سے سندھ یونیورسٹی میں ایڈمیشن اور ہاسٹل فیسوں میں اضافہ اور دیگر سہولیات کی قلت کیخلاف حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر صدام کھوسو، اظہر سومرو، سجاد جتوئی اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ یونیورسٹی کے ایڈمیشن فیسوں میں اضافہ ہونے کے سبب طلبہ سخت پریشان ہیں جبکہ یونیورسٹی میں طلبہ کے لیے بہتر رہائش کی کوئی سہولیات بھی موجود نہیں ہیں جبکہ یونیورسٹی کے ہاسٹل میں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے طلبہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ صرف پیسے وصول کرنے میں مصروف ہے لیکن طلبہ کو کسی بھی قسم کی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ طلبہ کی تعلیم بھی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فیسوں میں اضافے کا اعلان واپس لے کر طلبہ کو سہولیات فراہم کی جائیں۔