حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ ترقی پسند پارٹی ضلع حیدرآباد کی جانب سے سندھ کے غریب عوام کو صحت کی سہولیات نہ ملنے اور سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی قلت کیخلاف پارٹی کے مرکزی رہنما نصرت چنا کی قیادت میں حیدر آباد پریس کلب کے سامنے تین روزہ بھوک ہڑتال شروع کی گئی۔ اس موقع پر پارٹی رہنمائوں سچل گوپانگ، سارنگ شاہ، بابو شیدی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں اسپتالوں کے اندر غریب مریضوں کو کسی بھی طرح کی سہولیات میسر نہیں ہیں جبکہ سندھ کے چھوٹے شہروں کے اسپتالوں میں یہ صورت حال ہے کہ وہاں موجود ڈاکٹر مریضوں کو چیک کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، جس کی وجہ سے غریب مریض تڑپ تڑپ کر دم توڑ دیتے ہیں لیکن حکومت سندھ اور صوبائی وزیر صحت کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ غریب مریض نجی اسپتالوں کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری ڈاکٹروں پر نجی کلینک چلانے پر پابندی عائد کی جائے اور وہ سرکاری اسپتالوں میں ایمانداری سے ڈیوٹی انجام دیں تا کہ غریب مریضوں کا بہتر طور پر علاج ہوسکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تین روز کے اندر صوبائی وزیر صحت نے مطالبات منظور نہیں کیے تو سندھ بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔