حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف حیدر آباد کے سینئر رہنما عمران قریشی نے محکمہ آبپاشی کی جانب سے نہروں کی صفائی کے نام پر کروڑوں روپے کی کرپشن کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر سال محکمہ آبپاشی کے افسران حیدرآباد میں کوٹری بیراج سے نکلنے والی تین نہروں پھلیلی، پنیاری اور چینل موری کی صفائی کے لیے کروڑوں روپے کے بجٹ مختص کرتے ہیں لیکن یہ صفائی صرف کاغذوں تک محدود ہوتی ہے اور اس کا سارا پیسہ محکمہ آبپاشی کے بدعنوان افسران اور صوبائی حکومت کی کرپشن کی نذر ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پھلیلی اور پنیاری نہریں جو تاریخی حیثیت کی حامل ہیں لیکن ان نہروں میں آدھے سے زیادہ شہر کے گٹر کا پانی بغیر کسی ٹریٹمنٹ کے ڈالا جاتا ہے اور یہی پانی آگے چل کر ٹنڈو محمد خان، بدین، تلہار، ماتلی اور دیگر علاقوں کے عوام پینے کے لیے استعمال کرتے ہیں، جس کے پینے سے اُن میں مہلک بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت برسوں سے سندھ کے اقتدار پر قابض ہے، لیکن سندھ کے عوام کو پینے کا صاف پانی تک فراہم نہیں کرسکی ہے۔ غریب عوام مضر صحت گٹر کا پانی پینے سے بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی اور محکمہ آبپاشی کے کرپٹ افسران کروڑوں روپے نہروں کی صفائی کے نام پر کھا جاتے ہیں، ان کا کوئی احتساب کرنے والا نہیں۔