بھارت کا جنگی جنون خطے کے لیے مستقل خطرہ ہے، اعجاز شاہ

70

ننکانہ صاحب (آن لائن) وفاقی وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ بھارت کاجنگی جنون خطے کے لیے مستقل خطرہ ہے، بھارت نے 6 ماہ سے کشمیر میں کرفیو نافذ کررکھا ہے، بھارتی افواج کے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم دنیا کو دکھائیں گے۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کاجنگی جنون خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے ، بھارت نے کئی دہائیوں سے کشمیریوں پر مظالم ڈھالنے کے لیے وہاں فوج تعینات کرکھی ہے اور گزشتہ 6 ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کرکے بھارت نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق ، انسانی حقوق اور مذہبی حقوق سلب کررکھے ہیں۔ پاکستان بھارتی افواج کے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم سے دنیا کو آگاہ کررہا ہے اور عالمی برادری کو بھارتی مظالم دکھائیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہاکہ حکومت اور اتحادیوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے تاہم تحریک انصاف کا اپنا اور اتحادی جماعتوں کا اپنا اپنا منشور ہے جس کے تحت تمام سیاسی جماعتیں چلتی ہیں ،انہوں نے کہاکہ جب تحریک انصاف نے اقتدار سنبھالا تو ملکی خزانہ خالی تھا اور ہم نے خزانہ خالی ہونے کے باوجود ملک کو درست ڈگر پر گامزن کردیا ہے ، ملکی معیشت مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے اور آنیوالا وقت ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کا ہوگا ۔ عوام کو جلد اشیاء و خورونوش پر ریلیف فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پرامن ملک ہے اور کھیلوں کے لیے محفوظ جگہ ہے ، پاکستان میں کبڈی کے ورلڈ کپ کا انعقاد خوش آئند بات ہے اور کبڈی کی یہاں آنیوالی ٹیموں کو بہترین سیکورٹی فراہم کریں گے۔