بلوچستان میں ہائی الرٹ۔چینی باشندوں کی نقل وحرکت پر پابندی

92

کوئٹہ، لاہور، ساہیوال(آن لائن+صباح نیوز) بلوچستان میں کورونا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سیکڑوں چینی باشندوں کی نقل و حرکت پر تا حکم ثانی پابندی عاید کردی گئی ہے ،گوادر کی بندگارہ اور سونے کے وسیع ذخائر والے ضلع چاغی کے سیندک پروجیکٹ سمیت متعدد منصوبوں پر اس وقت کئی چینی کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر اہلکار شوکت بلوچ کے مطابق پورے بلوچستان میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاو کے حوالے سے بلوچستان سب سے حساس ہے،اس وقت 3 اضلاع گوادر، لسبیلہ اور چاغی میں چینی ملازمین کی کثیر تعداد موجود ہے،اس وائرس سے بچائو کے لیے صوبے کے تمام ہوائی اڈوں پر محکمہ صحت کے اہلکار تعینات کیے جا چکے ہیں،اس کے علاوہ بلوچستان حکومت نے طبی ماہرین پر مشتمل ایک 14 رکنی خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جو کورونا وائرس کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کرے گی ۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بلوچستان کے تمام سرکاری اسپتالوں میں قرنطینہ وارڈز قائم کیے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں غیر معمولی حفاظتی انتظامات کے لیے ایک موثر حکمت عملی بھی واضح کر لی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہبلوچستان میں چینی ملازمین کی تعداد بہت زیادہ ہے، اس لیے ان کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا گیا ہے، حکومت ہر وہ قدم اٹھا رہی ہے جس سے اس خطرناک وائرس سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورت حال سے نمٹا جا سکے، عوام میں کورونا وائرس سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ایک آگہی مہم بھی شروع کی گئی ہے تاکہ شہری خود بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ علاوہ ازیںلاہور ائر پورٹ پر ایک چینی باشندے کی حالت اچانک خراب ہو گئی ،ناک سے خون بہنے لگا ، سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ لاہور ائر پورٹ کے ذرائع کے مطابق چینی مسافر صبح 9 بجے کراچی سے لاہور پہنچا تھا کہ ائر پورٹ پر اس کی ناک سے خون نکلنا شروع ہوگیا۔ائر پورٹ پر سول ایوی ایشن کے ڈاکٹرز نے چینی مسافر کا معائنہ کیا، چینی مسافر کا بلڈ پریشر نارمل تھا اور اسے بخار بھی نہیں تھا۔ابتدائی طبی معائنے کے بعد چینی مسافر کو سروسزاسپتا ل منتقل کر دیا گیا ۔ائر پورٹ ذرائع کا یہ بھی کہناہے کہ مذکورہ چینی مسافر چین کے شہر ارومچی جانا چاہتا تھا جبکہ ان دنوں ارومچی کی پروازیں منسوخ ہیں۔ دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے کوروناوائرس کی اسکریننگ کے لیے ساہیوال کول پاور پلانٹ پر کام کرنے والے چینی ورکرز کا طبی معائنہ کیا ۔471 میں سے 317 چینی ورکرز کا طبی معائنہ کیا گیا۔ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتا ل کے ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر نقوی کی زیر نگرانی چینی ورکرز کا طبی معائنہ کیا۔سی ای او ہیلتھ کے مطابق 471 چینی ورکرز کا ٹریول ریکارڈ بھی چیک کیا گیا، کسی چینی ورکر میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی،پاور پلانٹ پر کام کرنے والے بتیس ورکرز 15 روز قبل چین سے پاکستان آئے تھے۔ڈی ایچ کیو اسپتال انتظامیہ کے مطابق کوروناوائرس سے نمٹنے کے لیے اسپتال میں آئسولیشن روم بنایا گیا،میڈیکل اسٹاف کے لیے بھی خصوصی کٹس اور لباس فراہم کیے گئے ۔