ایران کو او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کرنے سے روک دیا گیا

236

دبئی: سعودی عرب نے ایرانی وفود کو جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم آرگنائزیشن اسلامک کارپوریشن (او آئی سی) کے اجلاس میں شرکت کرنے سے روک دیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق جدہ میں (او آئی سی ) کا اجلاس ہوگا  جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطی کے امن منصوبے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں  متعدد مسلم ممالک شرکت کریں گے تاہم سعودی عرب نے ایرانی وفود پر اس اجلاس میں شرکت کرنے پر پابندی لگادی ہے اور  ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے او آئی سی کے صدر دفتر میں ٹرمپ کے”  صدی کے معاہدے ” کے منصوبے پر تبادلہ خیال کرنے  کیلئے  اجلاس  کا اعلان کیا ہے لیکن ایرانی وفود کو اس میں شرکت  کرنے سے روک دیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران نے او آئی سی کے پاس شکایت درج کرائی ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ سعودی عرب نے تنظیم کے صدر دفتر کے میزبان کی حیثیت سے اپنے منصب کا غلط استعمال کیا ہے جبکہ سعودی حکومت کا اس الزام پر کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل اور فلسطین کے مابین تنازعے  کے حوالے سے گذشتہ ہفتے ٹرمپ کے اس مشرقی وسطیٰ امن معاہدے کےاعلان کی سخت مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ یہ فلسطینیوں کے حقوق کے خلاف ہے اور بین الاقوامی قانون کی بھی خلاف ورزی ہے۔