تاشقند: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ازبیکستان میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کے دوران افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملے ہوئے۔ اب طالبان کو امن معاہدے پر اپنی سنجیدگی ثابت کرنے کیلئے عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیک پومپیو نے اپنےخطاب میں کہا کہ دونوں فریق پہلے بھی معاہدے پر دستخط کرنے کے قریب تھے لیکن طالبان کی طرف سے عدم سنجیدگی مذاکرات کے کامیاب ہونے میں رکاوٹ بنی۔ اب ہم طالبان کا عملی مظاہرہ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم معاہدے کو حتمی شکل دینے کے قریب آ گئے تھے لیکن طالبان تشدد کو کم کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔ ہم امن و مفاہمت پر سنجیدہ ہیں لیکن طالبان نہیں۔ لہذا ہم جو مطالبہ کر رہے ہیں وہ امن مذاکرات کو کامیاب بنانے میں ان کی سنجیدگی کا ثبوت ہوگا۔
خیال رہے کہ عبداللہ جو اس وقت افغانستان کی نام نہاد اتحادی حکومت کے افسر اعلیٰ ہیں، انہوں نے امریکہ کے اس مطالبے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مذاکرات میں نئی شرائط عائد کر کے امن مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوشش ہے۔