افغانستان: مال بردار پاکستانی گاڑیوں کے بغیر پاس داخلے پر پابندی

43

خیبر (صباح نیوز) افغان حکومت نے پاکستانی گاڑیوں پر بغیر روڈ پاس افغانستان میں داخل ہونے پر پابندی عاید کردی، پاکستان کی طرف بارڈر پر سیکڑوں مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، آل طورخم ٹرانسپورٹ یونین نے مطالبہ کیا ہے کہ روڈ پاس لینے کیلیے 3 مہینے کا وقت دیا جائے۔ افغانستان حکومت نے پاکستانی مال بردار گاڑیوں پر بغیر روڈ پاسز اور دوسرے ضروری کاغذات نہ ہونے کی وجہ سے افغانستان میں داخل ہونے پر پابندی لگا دی پابندی کی وجہ سے پاک افغان شاہراہ پر طورخم سے لنڈی کوتل زخہ خیل تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ اس سے پہلے پاکستان حکومت نے افغان گاڑیوں پربغیر روڈ پاس پاکستان داخل ہونے پر پابندی لگا ئی تھی۔ اس سلسلے میں آل طورخم ٹرانسپورٹ یونین کے صدر حاجی عظیم اللہ نے بتایا کہ پاکستانی گاڑیوں کو پاکستان میں افغان قونصل خانے سے ایک رجسٹرڈ دیا جاتا ہے جس پر وہ افغانستان داخل ہو کر مال سپلائی کر تے تھے، اب روڈ پاس کا مطالبہ کردیا گیا ہے، ٹرانسپورٹرز روڈ پاس لینے کیلیے تیا ر ہیں لیکن اس کیلیے 3 ماہ کا وقت دیا جا ئے اور اس وقت تک گاڑیوں کو افغانستان رسائی دی جائے، گاڑیاں روکنے سے ٹرانسپورٹرز اور قومی خزانے کو نقصان ہورہا ہے۔