پتراجایا: ملائیشیا میں گذشتہ سال دسمبر میں منعقدہ کوالالمپور سمٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے شرکت نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پٹراجایا میں ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیرمحمد سے ملاقات کرنے کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ مسلم ممالک کے کو ایک غلط فہمی پیدا ہوئی ہے کہ کوالا لمپور سمٹ امت کو تقسیم کردے گی جبکہ مجھے افسوس ہے کہ میں کوالالمپور میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت نہیں کرسکا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا اور پاکستان مشترکہ میڈیا پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں تاکہ اسلام کا مثبت امیج نشر کیا جا سکے ، اسلامو فوبیا کا مقابلہ کیا جاسکے اور نوجوان مسلمانوں کی ترقی کیلئے مزید مواقع فراہم کیے جاسکیں۔ انہوں نے کشمیر کے تنازعہ پر پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر مہاتیرمحمد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک کی عوام کے مابین قریبی تعلقات ہیں۔ ملائشیا اور پاکستان کے مابین تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری تعاون کا مستقبل بہت اچھا ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر دونوں ممالک کے وزراء نے پاکستان اور ملائشیا کے درمیان مضبوط معاشی شراکت قائم کرنے اور امت مسلمہ کو متاثر کرنے والے امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔