مافیا نے اپنی طاقت سے قیمتیں بڑھا کر مہنگائی کی،وزیراعظم

281

پتراجایا: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مافیا نے اپنی طاقت سے قیمتیں بڑھا کر مہنگائی کی جس کا خمیازہ غریب لوگوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ایڈوانس اسلامک انسٹیٹیوٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزرتے وقت کے ساتھ پاکستان میں حکومت کی تمام توجہ معاشرے کے غریب عوام کو اوپر لانے پر ہے، آج کے اس جدید دور میں ہم چین کی مثال سے متاثر ہیں جس نے تیس سال میں 700 ملین لوگوں کو غربت سے نکالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مدینہ منورہ جیسی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں، ہمارے ملک میں رول آف لاء کا بڑا مسئلہ ہے، کچھ ایلیٹ سیکشن خود کو قانون سے اوپر سمجھتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ اس مافیا کو فروغ ملا، جنہوں نے اپنی طاقت کے استعمال سے قیمتیں بڑھا کر مہنگائی کی جس کا خمیازہ غریب لوگوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔

عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو سرمایہ بنانے کا موقع دیں گے اور اضافی دولت کو سوسائٹی کے غریب عوام پر خرچ کریں گے، ملک میں امیر اور غریب کا فرق ختم کرنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دو روزہ دورے پر ملائیشیا گئے ہوئے ہیں۔