دورہ ملائیشیا سے اسٹریٹجک تعلقات بدلنے میں مدد ملے گی،وزیرخارجہ

110

پتراجایا: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کے دورے سے دوستانہ تعلقات کواسٹریٹجک تعلقات میں بدلنے میں مدد ملے گی۔  

ملائیشیا میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ملائیشیا میں 82 ہزارپاکستانی مختلف شعبوں میں کام کررہے ہیں، ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت نے ایک معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت اگرکوئی پاکستانی ورکرملائیشیا میں جاں بحق ہوجاتا ہے تو اسکے خاندان کو پنشن ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے ساتھ تجارت اوردفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پربات ہوئی ہے اور 3 معاہدوں پردستخط ہوئے،ملائیشیا کے دورے سے دوستانہ تعلقات کواسٹریٹجک تعلقات میں بدلنے میں مدد ملے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کو تقسیم نہیں بلکہ متحد رکھنا چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ملائیشیا سے 2019 میں آنے والی ترسیلات زرمیں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستانیوں نے ایک ارب 55 کروڑ ڈالر وطن بھجوائے۔

یاد رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ملائیشیا کے دورے پر ہیں۔