راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 عام شہری زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایل اوسی پر جان بوجھ کر شہری آبادی کو مارٹرگولوں سے نشانہ بنایا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے ایل او سی کے لیپہ ویلی کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فورسز کی جانب سے مارٹر گولوں سمیت بھاری ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا گیا، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 4عام شہری زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 2 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔علاوہ ازیںبھارتی ہائی کمیشن کے افسر کو دفترخارجہ طلب کرکے ایل او سی پر بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی پر احتجاج کیا گیا۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر بھارتی ہائی کمیشن کے اعلیٰ افسر کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق بھارتی افسر کو بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی اور ایل او سی کے ڈنہ سیکٹر پر شہری آباد کو نشانہ بنایا، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک بچے سمیت چار شہری شدید زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والوں میں شمیم بی بی، فرہاد اور منیزہ بی بی شامل ہیں۔