وزیراعظم نے دلیرانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا،فردوس عاشق اعوان

143

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے دلیرانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا قتل عام ہو رہا ہے، مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم نے کشمیریوں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ دنیا میں کشمیریوں کے سفیر بن کر آواز اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بچے بھارتی ظلم کو برداشت کر رہے ہیں، کشمیر کی مائیں، بہنیں اور بچے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، عالمی برادری کی معنی خیز خاموشی دنیا کیلئے کیا پیغام ہے؟

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کھیل کے میدانوں کو فوجی چھاؤنیوں میں بدل کردیا گیا ہے، کشمیری بچے آج بھوک سے تڑپ رہے ہیں، سکول اور ہسپتال نہیں جاسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری بچوں سے آزادانہ سوچ کا حق چھین لیا گیا، پاکستان کشمیریوں کو اپنے وجود کاحصہ سمجھتا ہے، وزیراعظم نے دلیرانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔