مقبوضہ کشمیر پر امریکی ثالثی خطرناک ہوگی، بھارت کو فائدہ ہوگا، وزیراعظم آزاد کشمیر

110

مظفر آباد(خبر ایجنسیاں) وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر امریکی ثالثی خطرناک ہوگی جس سے بھارت کو فائدہ پہنچنے گا،ہم تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، اہم ایشوز پر ہمیں قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے،کشمیر میں پاکستان کا پرچم کبھی نیچے نہیں گرنے دیں گے،ہمیں مسئلہ کشمیر پر جارحانہ پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے۔بدھ کو آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہاکہ 5فروری کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور پور ی قوم اور ادارے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔راجا فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان مشکلات کے باوجود کشمیریوں کی مدد کر رہا ہے جس پر پوری پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں، یقین دلاتے ہیں کہ کشمیر میں پاکستان کا پرچم کبھی نیچے نہیں گرنے دیں گے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، اہم ایشوز پر ہمیں قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر ہم پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان مشکلات کے باوجود کشمیریوں کی مدد کر رہا ہے لیکن ہمیں جارحانہ پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے مسئلہ کشمیر پر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی ثالثی انتہائی خطرناک ہے کیونکہ وہ بھارت کے حق میں جائے گی، امریکا نے مسئلہ فلسطین پر بھی ثالثی کرائی تو فلسطین کا بیڑاغرق ہوگیا اور وہ 15 فیصد تک رہ گیا۔